حکومت فوج میں مکمل ہم آہنگی، مذاکرات کا مقصد دہشت گردی ختم کرنا ہے: ظفر الحق
اسلام آباد(این این آئی)سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹرراجہ ظفرالحق نے کہاہے کہ طالبان سے مذاکرات کا مقصد دہشتگردی اور خونریزی کو ختم کرنا ہے، طالبان کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے،حکومت اورفوج میں مکمل ہم آہنگی ہے،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، ڈیڑھ ارب ڈالرکی امدادپر اپوزیشن کا شورسمجھ سے بالاترہے، شام کے حوالہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی،بحرین کے مطالبے پر لوگ پاکستان سے بھیجے گئے انہیں اعتماد ہے کہ پاکستان لوگ ہمدرد ہوتے ہیں، انہیں جو فرائض سونپے جاتے ہیں وہ انہیں اپنی جان پر کھیل کر بھی پورا کرتے ہیں،برطانوی ویب سائٹ کو دیئے گئے ایک انٹرویومیں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹرراجہ ظفرالحق نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات کا مقصد دہشتگردی اور خونریزی کو ختم کرنا ہے، اس کے لئے کچھ قیمت تو ہمیں ادا کرنا پڑے گی اب کوشش یہی ہے کہ یہ مذاکرات کسی طریقے سے کامیاب ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات بارے جو بھی فیصلہ کرے گی فوج کو قبول ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی امدادکے بعد کوئی مطالبہ نہیں کیاگیااورنہ ہی پاکستان نے کسی قسم کی یقین دہانی کرائی ہے ،اگرپاکستان سے جنگجوشام روانہ ہورہے ہیں تو اس میںالقاعدہ کا عنصر کارفرما ہے۔