بی جے پی کے منشور کا مقصد معاشرے کو تقسیم کرنا ہے‘ مودی کے انتخابی وعدے کبھی پورے نہیں ہو سکتے : بھارتی وزیراعظم
نئی دلی (نوائے وقت رپورٹ) ، دھیمے مزاج من موہن سنگھ نے پہلی بار نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اترپردیش میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی جو وعدے کررہے ہیں انہیں کبھی بھی پورا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ بی جے پی کی پوری انتخابی مہم صرف ایک شخص کے گرد گھومتی نظر آتی ہے۔ بی جے پی کے موجودہ منشور میں کوئی نئی بات نہیں اور اس کا مقصد صرف اور صرف معاشرے کو تقسیم کرنا ہے۔ دوسری جانب پونا میں انتخابی مہم کے دوران نریندر مودی نے کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ من موہن سنگھ برائے نام وزیر اعظم تھے۔ حکومتی معاملات اصل میں سونیا گاندھی دیکھتی تھیں۔ عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ کس طرح وزیر اعظم کے عہدے کی ساکھ کو تباہ کیا گیا۔ اب تک بھارتی انتخابات کے چار مراحل ہوچکے ہیں جبکہ 17 اپریل کو پانچویں مرحلے میں 122 نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔