مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتے ہیں: ترک سفیر
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں ترک سفیر بابر گرجین نے کہا ہے کہ ترکی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان میں تعلیم کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ترک یونیورسٹیوں کے دروازے پاکستانی طلباء و طالبات کیلئے کھول دیئے۔ وہ مقامی ہوٹل میں ’’پاک ترک سیمینار‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان دو برادر اسلامی ملک ہیں۔ پاکستانی طلباء و طالات کیلئے سکالرشپ پر ترک یونیورسٹیوں کے دروازے کھلے ہیں۔ قبل ازیں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفو حیدری نے کہا کہ نائن الیون کے بعد افغانستان پر حملے کیلئے پاکستان نے امریکہ کو اڈے دیئے جبکہ ترک وزیراعظم نے امریکہ کو اڈے فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا جوکہ اس بات کا ثبوت تھاکہ ترکی امریکہ کے اثرورسوخ سے آزاد ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے دوران طیب اردگان نے کہا تھا کہ پاکستان پر خطرات منڈلا رہے ہیں۔ بتائیںٖ! ہم کیا کر سکتے ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلاشبہ آج ترکی عالم اسلام کی رہنمائی کر رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما تہمینہ دولتانہ نے کہا کہ پاکستان کی طرح ترکی میں بھی فوج کا اقتدار پر قبضہ رہا جبکہ یہاں پر بھی ہم نے کئی آمروں کو بھگتا مگر یہ بات طے ہے کہ پاکستان فوجی جنتا کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے بنا تھا۔ اے این پی کے سربراہ حاجی عدیل نے کہا کہ ہم بھی سیکولر بنیادوں پر پاکستان کو ترکی کی طرح ماڈرن ملک بنانا چاہتے ہیں۔