ڈیفنس:4 گاڑی سواروں کا بہیمانہ تشدد، ریٹائرڈ میجر جاں بحق، بیٹا زخمی
لاہور (نامہ نگار) ڈیفنس اے کے علاقہ میں معمولی تلخ کلامی پر چار نوجوانوں نے حساس ادارے کے سابق افسر کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کا رہائشی حساس ادارے کا سابق آفیسر میجر (ریٹائرڈ) محمد اشرف اپنے بیٹے کے ہمراہ کسی کام کے سلسلہ میں کار پر لاہور آیا وہ ڈیفنس اے کے علاقہ سپر ٹائون میں جا رہے تھے کہ ایک پراڈو گاڑی میں سوار 4 نوجوان اور ایک خاتون گزر رہے تھے گاڑی کو لائیٹس دینے پر دونوں فریقین میں تلخ کلام ہو گئی جس پر پراڈو سوار چاروں نوجوانوں نے میجر (ر) محمد اشرف اور اس کے بیٹے کو شدید تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا حالت غیر ہونے پر محمد اشرف نیچے گر پڑے اور ان کا بیٹا بھی زخمی ہوا جبکہ چاروں نوجوان اور خاتون گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گئے محمد اشرف کو ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے پولیس کے مطابق محمد اشرف کی موت جھگڑے کے دوران ہارٹ اٹیک سے ہوئی جبکہ ہلاکت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔