• news

مری: جعلی پیر کے کہنے پر سفاک نے 2 کمسن بھانجوں کو گلے کاٹ کر مار ڈالا‘ تیسرا زخمی

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) جعلی پیر کے کہنے پر من کی مراد پانے کے لئے ماموں نے اپنے 3  بھانجوں کے گلے کاٹ کر دو کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہری پور سے تعلق رکھنے والا ندیم دو روز قبل اپنے 3 بھانجوں کو تفریح کے بہانے مری لایا  اور پھر  چوکی تریٹ کی حدود میں نشہ پلا کر بے ہوش کرنے کے بعد تینوں کے گلے کاٹ دیئے، 11 سالہ مہرعلی، 4سالہ قادرعلی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ تیسرے بچے نے شور مچا دیا جس پر آس پاس سے لوگ وہاں پہنچ گئے تاہم ان کے آنے سے پہلے ہی ملزم آلہ قتل اور گاڑی چھوڑکر فرار ہوگیا۔ پولیس نے آلہ قتل اور گاڑی  اور دیگر شواہد جمع کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے، مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس نے زخمی بچے اور مقتولین کی نعشیں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں پہنچائیں۔  بچوں کے رشتہ داروں نے بتایا کہ بچوں نے چند روز بعد امریکہ جانا تھا جبکہ ملزم ندیم کا19 اپریل کو سعودی عرب کا ٹکٹ کنفرم تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے واقعے میں استعمال ہونے والی پوٹھوہار جیپ اور آلہ قتل برآمد  لیا۔ ایس ایس پی  ملک مطلوب کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ندیم کو اسکے پیر نے کہا تھا کہ اگر مالی حالات بدلنے ہیں تو اپنے بھانجوں کو قتل کر دو انہوں نے کہا کہ  واقعہ کا تھانہ مری میں مقدمہ درج کر کے تمام ہوائی اڈوں پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ملزم کا بیرون ملک فرار روکا جا سکے ادھر شدید زخمی بچے  زین علی کی پمز ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں رات گئے قتل ہونیوالے دونوں بچوں کو نماز جنازہ کے بعد ایبٹ آباد میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں بابا جلال عیدگاہ میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر محلے میں کہرام مچ گیا۔ سانحہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آئی جی پنجاب سیرپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ملزم کی فوری گرفتاری اور زخمی بچے کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے والد ضیاء الرحمن نے بتایا کہ ملزم ندیم بچوں کا ماموں نہیں بلکہ ان کی بیوی کا دور کا رشتہ دار ہے اور ان کی ندیم سمیت کسی سے دشمنی نہیں کیا پتہ تھا کہ یہ سفاک شخص آستین کا سانپ نکلے گا۔

ای پیپر-دی نیشن