پاسپورٹ کیلئے الطاف حسین کی درخواست موصول، وزارت داخلہ کو بھجوا دی: دفتر خارجہ
اسلام آباد+ لندن (نوائے وقت رپورٹر+ آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ اجرا کیلئے الطاف حسین کی درخواست موصول ہوئی ہے جو وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمشن نے الطاف حسین کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجرا کے حوالے سے دفتر خارجہ سے رائے مانگ لی۔ الطاف حسین کے قریبی رفقا نے پاکستانی ہائی کمشن سے رابطہ کیا ہے، پاکستانی ہائی کمشن میں تاحال کوئی دستاویزات جمع نہیں کرائی گئیں۔ الطاف حسین کی جانب سے تحریری درخواست پر قانون کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار وزیر اعظم کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔ ذمے دار حکومتی ذرائع کے مطابق الطاف حسین نے ممکنہ طور پر برطانیہ میں قائم پاکستانی ہائی کمشن میں مروجہ طریقہ کارکے مطابق درخواستیں دی ہوںگی جوسرکاری طریقہ کارکے مطابق ’ڈپلومیٹک بیگ‘ کے ذریعے 45 روز میں وزارت خارجہ کو موصول ہوتی ہیں جس کے بعد دو ہفتوں کے اندر اندر وزارت خارجہ متعلقہ محکموں کو درخواستیں ریفرکردیتی ہے۔