• news

ڈیرہ اسماعیل خان: سعودی عرب کی این جی او کے 3 ارکان گاڑی سمیت اغوا‘ تلاش شروع

ڈیرہ اسماعیل خان (اے این این) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی سے سعودی عرب کی این جی او کے 3کارکنان گاڑی سمیت اغوا کر لئے گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے روڑی سے سعودی شاہ عبداللہ کی قائم کردہ این جی او کے ڈرائیور سمیت تین ارکان توصیف، غلام مصطفی اور اسلام الدین کو نامعلوم اغواء کاروں نے گاڑی سمیت اغواء کر لیا۔ راجہ یاسر اقبال سکنہ کوٹ باغ آزاد کشمیر کی جانب سے کلاچی پولیس کو ایک تحریری درخواست دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا تین افراد روڑی گئے تھے اور واپس نہیں آئے اور ان کا دیگر ساتھیوں سے رابطہ منقطع ہے جس پر شک ہے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے جس پر کلاچی پولیس نے مغوی کی تلاش اور کیس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ راجہ اقبال کے مطابق وہ گزشتہ دو ماہ سے ضلع ڈیرہ میں ہیں اور یہاں کے مضافات روڑی جہانگیر آباد اور گرہ گلداد میں الخدمت فائونڈیشن اور اہل حدیث کی جانب سے غرباء کے لئے تین سو مکانات کی تعمیر کا جائزہ لے رہے ہیں اور اسی سلسلے میں ڈرائیور اسلام الدین سمیت ہمارے ٹھیکیدار توصیف اور غلام مصطفی جو لیبر میں شامل ہیں روڑی گئے اور واپس نہیں آئے۔

ای پیپر-دی نیشن