سردار مہتاب عباسی آج گورنر خیبر پی کے کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
پشاور (آئی این پی) خیبرپی کے کے نامزد گورنر سردار مہتاب عباسی تیسری بار تبدیل طے شدہ پروگرام کے بعد بالآخر آج منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔سردار مہتاب خان عباسی 15 اپریل کو خیبرپی کے کے 30 ویں گورنرکی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔گورنر ہائوس پشاور کے ترجمان کے مطابق گورنر ہائوس پشاور میں تقریب حلف برداری 15 اپریل کی شام ساڑھے 5بجے ہو گی۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مظہر عالم میاں خیل سردار مہتاب خان عباسی سے گورنر خیبرپی کے کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔سردار مہتاب احمد خان عباسی کو گزشتہ ماہ کے وسط میں گورنر نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد مسلسل ان کے حوالے سے مختلف طرح کی قیاس آرائیاں زیر گردش رہیں تاہم اب بالآخر وہ آج منگل کو اپنے عہدہ کا حلف اٹھائیں گے۔ سردار مہتاب احمد خان عباسی(ن) لیگ کے دوسرے دور میں صوبہ کے وزیر اعلیٰ تھے۔12اکتوبر 1999ء کو مشرف کی طرف سے نواز شریف حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد ان کو گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم وہ ثابت قدم رہے اور ہر طرح کی مشکلات کے باوجود انہوں نے نواز شریف سے اپنی وفاداریاں تبدیل نہیں کی تھیں۔