مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشت گردی میں نوجوان شہید: کشمیری ڈھونگ الیکشن کا بائیکاٹ کریں: شبیر شاہ
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سرینگر میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوان کو سرینگر کے نواحی علاقے احمد نگر میں ایک کریک ڈائون کے دوران شہید کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اسی علاقے میں بھارتی فوجیوں اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ جاری ہے ۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ علاقے میں عبدالمجید رنگریز کے گھر میںدو سے تین مجاہدین موجود ہیں۔ ادھرضلع پلوامہ کے علاقوں کھریو اور پامپور میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڑی تعداد میں مظاہرین نے جو بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے دونوںشہید نوجوانوں کی میتیں انکے خاندانوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ پولیس نے پامپور میں مظاہرین کو منشتر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اورآنسو گیس پھینکی جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔دریں اثناء بانڈی پورہ میںبھارتی فوج کی ایک گاڑی کی ٹکر سے دونوجوانوںکے شدید زخمی ہوگئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ نے جموںوکشمیرمیں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابی ڈھونگ کے انعقاد کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کر کے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمد میرنے کہاہے کہ نام نہاد انتخابات کشمیریوںکے ناقابل تنسیخ حق،حق خود ارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں ہوسکتے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ اورجاوید احمد میر نے عوامی رابطہ مہم کے دوران سرینگر کے علاقوں نواکدل،جمالٹہ ،چھانہ پورہ اور بٹ پورہ میں عوامی اجتماعات اوردعائیہ مجلسوںسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں نے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جنہیں ہرگز رائیگاں نہیںجانے دیا جائے گا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کوحل کئے بغیرخطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہو سکتی۔اس موقع پر حریت رہنمائوںنے جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وہ چھانہ پورہ میںایڈووکیٹ بشیر احمد کے گھر بھی گئے اورانکی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔ حریت رہنمائوںکے ہمراہ مولوی مشتاق ،، مولوی رشید، بیگ اعجاز ، شفیع کشمیری اوردیگررہنماء بھی موجود تھے ۔