• news

جموں، بھارتی آرمی چیف کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات ، پاکستان اور چین سے ملحقہ سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ

جموں (کے پی آئی) بھارتی فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے سرحدوں پر نگرانی  مزید سخت کرنے پر زور دیا۔  ریاستی اخبار کے مطابق  ا س دوران  جموں میں اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ  میٹنگ کے دوران جنرل سنگھ نے ریاست کی تازہ ترین صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے جموں میں ریاست کی مجموعی صورتحال  کا جائزہ لیا جس کے دوران شمالی کمان کے اعلیٰ فوجی افسران نے انہیں تازہ ترین حالات سے متعلق  معلومات فراہم کیں۔ اس دوران جنرل سنگھ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد پاکستان اور چین سے لگنے والی سرحدوں پر صورتحال کا  بھی جائزہ لیا۔جموں دورے پر آئے فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے اپنے دورے کو سمیٹتے ہوئے ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس دوران شمالی کمان ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ فوجی آفیسران نے انہیں ریاست کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق معلومات بھی فراہم کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر فوجی  سربراہ نے کمانڈروں پر زور دیا کہ سرحدوں کی نگرانی مزید متحرک کی جائے تاکہ دراندازی کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا جائے۔  ذرائع  کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں لداخ کی سرحد پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا اور فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل بکرم سنگھ نے  اس سرحد کی سکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے فوج کو متحرک و چوکس رہنے  کی ہدایت بھی دی۔ جنرل بکرم سنگھ کو  بتایا گیا  کہ اس بات کی اطلاعات برابر موصول ہو رہی ہے کہ سرحد پار مجاہدین کئی ایک جگہوں پر خیمہ زن ہو کر دراندازی کی تاک میں ہے تاہم  جس طرح ماضی میں فوج نے دراندازی کی کوششوں کو نا کام بنا دیا ہے اسی طرح آگے بھی  مجاہدوں کی دراندازی کرنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ  میٹنگ میں افغانستان سے امریکی فوجی انخلاء کے بعد صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے دوران  فوجی کمانڈروں  نے اگرچہ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا کہ افغانستان  سے فوجی انخلاء کے بعد عسکریت پسند دراندازی کی کوشش کر سکتے ہیں تاہم ان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن