گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی، افغان نائب وزیر سماجی بہبود احمد شاہ وحید اغوا
کابل (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے سماجی بہبود کے نائب وزیر احمد شاہ وحید کو کابل میں اغوا کر لیا گیا ہے۔ کابل میں وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ چار مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ دفتر جا رہے تھے اور فائرنگ کے بعد وحید کو اغوا کر کے لے گئے۔ اس حملے میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو طالبان کی جانب سے شدت پسندی کے بجائے ایک جرم کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ سب سے زیادہ خطرہ دولت مند تاجروں کو ہوتا ہے جنہیں تاوان کے لئے اغوا کیا جاتا ہے اور یہ تاجر اپنے ساتھ سکیورٹی رکھنے پر مجبور ہیں۔ نائب وزراء کو عموماً سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وحید کے ساتھ ان کے محافظ کیوں نہیں تھے۔ احمد شاہ وحید حالیہ برسوں میں اغوا ہونے والے اعلٰی سرکاری افسروں میں سے ایک ہیں۔ افغان سکیورٹی فورسز نے اس سلسلے میں متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔