• news

ہاکی : صلاح الدین چیف سلیکٹر، شہناز شیخ کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابقہ اولمپئن اصلاح الدین صدیقی کو چیف سلیکٹر شہناز شیخ کو سینئر ٹیم کا ہیڈ کوچ جبکہ منظور الحسن کو جونیئر ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایف آئی ایچ ہائی پرفارمنس طاہر زمان کو ڈائریکٹر اکیڈمیز کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ کا 27 واں اجلاس آج نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ پی ایچ ایف الیکشن کے چھ ماہ بعد نئی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے ناموں کے اعلان کے علاوہ قومی کھیل کی ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق منظور جونیئر سلیکشن کمیٹی جبکہ شہناز شیخ کو سینئر ٹیم مینجمنٹ میں موقع دیئے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ نے گذشتہ چھ ماہ سے فیڈریشن کا چارج سنبھال رکھا ہے۔ فنڈز کی کمی اور آئی او سی کی منظورشدہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو تسلیم نہ کرنے کی بناء پر ہاکی کی بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیاں سوالیہ نشان بنی ہوئی ہیں۔  پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ میں نئے ارکان کی شمولیت کے حوالے سے بھی ناموں کو زیرغور لایا جائے گا جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر قاسم ضیاء اور سیکرٹری آصف باجوہ کے نام اہم ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ تمام فیصلے میرٹ پر مشاورت سے کئے جائیں گے۔ ایسے فیصلے لئے جائیں گے جن سے قومی کھیل کو دوبارہ ترقی دینے کے اقدامات بروے کار لائیں جا سکیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دروازے کسی پر بھی بند نہیں ہونگے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ تمام افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن