• news

سپریم کورٹ میں اسلام آباد کچہری حملہ کیس کی سماعت، وکلا، ججز کی سکیورٹی کیلئے سفارشات پر رپورٹ طلب

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں اسلام آباد ضلع کچہری میں فائرنگ اور حملہ کیس سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے ڈسٹرکٹ بار اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکلاء اور ججز کی سکیورٹی کیلئے پیش کردہ سفارشات سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے ان سفارشات پر 15 روز کے اندر اندر جواب پر مبنی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت کی جانب سے سلمان اسلم بٹ کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے آئینی و قانونی معاونت کی ہدایت کی گئی۔ چیف جسٹس تصدیق حسین جیلانی کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل تین رکن بنچ نے منگل کے روز ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل دل محمد علی زئی نے کہا کہ انہوں نے وکلاء کمیونٹی کی جانب سے کچھ سفارشات پیش کی ہیں انہیں بھی زیرغور لایا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ انہیں آئندہ سماعت پر زیرغور لایا جائے گا اور کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن