زرداری کیخلاف ریفرنسز، نیب عدالت کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے: نائیک
اسلام آباد (ثناء نیوز) سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے سابق صدرآصف زرداری کے خلاف نیب کے پانچوں ریفرنسز میں دلائل مکمل کر لیئے اور ان کا کہنا تھا احتساب بیورو عدالت کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے ، نیب نے جوابی دلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ احتساب بیورو عدالت کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے۔ میں اپنی اس بات کو ثابت کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف الرحمان نے دو مرتبہ مجھے بھی جہاز سے آف لوڈ کیا۔ میرا نام ٹیکس نادہندہ کے طور پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز کی تحقیقات بدنیتی پر مبنی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف کوئی ٹھوس گواہ یا شہادتیں بھی ریکارڈ میں موجود نہیں ۔ جھوٹے ریفرنس کی وجہ سے آصف زرداری کو 8 سال جیل میں رہنا پڑا ۔ بے نظیربھٹو کو بھی جھوٹے مقدمات کی بنیاد پر جلاوطنی کاٹنا پڑی۔ فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے خلاف پانچوں ریفرنسز میں دلائل مکمل کر لئے۔ نیب نے جوابی دلائل کیلئے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت اٹھائیس اپریل تک ملتوی کر دی۔