مشرف کے وکیل انور منصورکی عدالتی فیصلے سے چند نکات حذف کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکوٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل انور منصور کی غداری کیس میں خصوصی عدالت کے27 مارچ کے فیصلے سے چند نکات حذف کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ریاض احمد خان نے انور منصور کی جانب سے خصوصی عدالت کے27 مارچ کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے درخواست کی سماعت کی۔ انور منصور نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ پیشہ ور قانون دان ہیں اور انہوں نے خصوصی عدالت کے کسی جج سے بد سلوکی نہیں کی ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ ان سے متعلق جو نکات ہیں وہ خصوصی عدالت کے 27 مارچ کے فیصلے سے حذف کئے جائیں۔ پرویز مشرف کے وکیل فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالت کے27 مارچ کے فیصلے سے ان کا بنیادی حق متاثر ہوا ہے۔ کونسل پارٹی نہیں ہوتی بلکہ خود ملزم کا دفاع کرتی ہے۔ عدالتی حکم نامے میں شامل یہ بات بھی درست نہیں کہ انہوں نے استغاثہ ٹیم کے رکن اکرم شیخ کے دلائل کے دوران مداخلت کی، عدالتی حکم میں شامل باتیں کیریئر پر ایک داغ ہے۔