پی آئی اے نے عمرہ ٹکٹ میں مزید 10 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا
ملتان (خاتون رپورٹر) پی آئی اے نے عمرہ زائرین کے لئے مزید 10 ہزار روپے فی مسافر اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ گزشتہ روز 16 اپریل سے کیا گیا ہے جس پر عمرہ زائرین نے احتجاج کرتے ہوئے اضافہ شدہ رقم کے اعلان پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال میں یہ اضافہ تیسری مرتبہ کیا گیا ہے۔ فروری میں عمرہ زائرین کے کرائے میں 7 ہزار روپے فی کس کمی کا اعلان کیا گیا جو چند روز بعد واپس لے لیا گیا پھر 5 ہزار روپے مزید اضافہ کیا گیا اب گزشتہ روز سے 10 ہزار روپے فی کس مزید اضافہ سراسر زیادتی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے پاس جہاز کم ہیں۔ مسافروں کو سیٹیں نہیں ملتیں اور آئے روز اضافہ کرنا غریب عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔