ملاقات کے بعد سیکرٹری قانون کی وزیراعظم ہائوس طلبی، تحفظ پاکستان بل میں رضا ربانی کی تجاویز کا جائزہ لیکر رپورٹ دینے کی ہدایت
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے سابق صدر زرداری سے ملاقات ختم ہونے کے فوری بعد وفاقی سیکرٹری قانون بیرسٹر ظفر اللہ کو وزیراعظم ہائوس طلب کرلیا ، ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی وزیر زاہد حامد نے سیکرٹری قانون کو پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی کی طرف سے تحفظ پاکستان بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جو تجاویز پیش کیں اس سے سیکرٹری قانون کو آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے زاہد حامد اور سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ وہ ان تجاویز کا بغور جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کریں تاکہ اس کی روشنی میں تحفظ پاکستان بل میں اگر کوئی ترامیم کرنا ہیں تو وہ کی جا سکیں۔