لاہور سے لاپتہ بھائیوں کی بازیابی، وفاق اور پنجاب پولیس کو 30 اپریل تک مہلت
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے لاہور سے لاپتہ حسن عبداللہ اور خالد خلیل نامی دو بھائیوں کی بازیابی کیلئے وفاقی حکومت اور پنجاب پولیس کو 30 اپریل تک مہلت دے دی ہے جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ ہر شہری کے آئینی حقوق ہیں جن کا تحفظ عدالتوں اور پولیس کی ذمہ داری ہے اگر کوئی غیر قانونی کام میں ملوث ہے تو اس کیخلاف صرف قانون کے مطابق ہی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ لاء افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے دو نکات پر تفتیش کی ہے ایک یہ کہ لاپتہ افراد کو حساس اداروں نے تو نہیں اٹھایا مگر حساس اداروں نے ان کے حوالے سے تردید کی ہے دوسرا نکتہ کہیں یہ خود جہاد پر تو نہیں چلے گئے کیونکہ ان کی ماں کے بیان کے مطابق ایک بھائی پہلے ہی سے جہاد پر گیا ہوا ہے تاہم دونوں نکات پر تفتیش جاری ہے کچھ مزید وقت درکار ہے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے۔ جسٹس جواد نے کہا کہ بہن کی منگنی ہو اور بھائی جہاد پر چلا جائے اس بات کو ذہن نہیں مانتا لاہور سے لاپتہ ہونے والے دونوں افراد کو سامنے لانا پڑے گا۔ جس دن دونوں لاپتہ ہوئے اس روز خلیل کی بہن کی منگنی تھی۔