نواز، زرداری ملاقات وقت کے سیاسی اعتبار سے اہم ہے، حکومتی جماعت تنہائی کا شکار ہو رہی تھی: برطانوی میڈیا
لندن/ اسلام آباد (اے این این) برطانوی میڈیا نے وزیراعظم نوازشریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات کے وقت کو سیاسی اعتبار سے بہت اہم قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کے تناظر میں پیدا ہونیوالے تناؤ اور تحفظ پاکستان آرڈیننس کے قومی اسمبلی میں منظور کئے جانے کے بعد حکومتی جماعت سیاسی تنہائی کا شکار ہوتی نظر آ رہی تھی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے پر فوج کی بے چینی اور آرمی چیف کے بیانات اپنی جگہ لیکن وزیراعظم نوازشریف کی کابینہ میں موجود اہم وزرا کے بیانات نے یہ تاثر دیا کہ فوج اور حکومت کی اندرونی ناراضی جمہوری حکومت کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ ایک ماہ قبل نواز شریف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کیلئے انکے گھر پہنچ گئے تھے۔ نواز شریف نے عمران خان سے یہ ملاقات ایسے وقت کی تھی جب طالبان سے مذاکرات کیلئے انہیں سیاسی حمایت اور تعاون کی ضرورت تھی۔ آصف علی زرداری سے ملاقات کا وقت بھی سیاسی اعتبار سے بہت اہم ہے۔ پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کے تناظر میں پیدا ہونیوالے تنائو اور استحکام پاکستان آرڈیننس کے قومی اسمبلی میں منظور کئے جانے کے بعد حکومتی جماعت سیاسی تنہائی کا شکار ہوتی نظر آ رہی تھی۔ سینٹ میں جہاں پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے وہاں چند روز قبل ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس میں وزیراعظم کو سینٹ کے اجلاس میں شرکت کرنے کا پابند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔