3 خودکشیاں: ننکانہ میں گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے گولی مارکر زندگی ختم کرلی
ننکانہ صاحب + فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ننکانہ اور فیصل آباد میں 3 نوجوانوں نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ 19سالہ نوجوان نے خود کو گولی مارکر زندگی ختم کرلی۔ محلہ بھٹہ کالونی ننکانہ صاحب کے محمد طفیل کے 19سالہ بیٹے مزمل کا گھر میں معمولی جھگڑا ہو گیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے پیٹ میں گولی مارکر خودکشی کر لی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں بیروزگاری اور عشق میں ناکامی پر 2 نوجوانوں نے زندگی ختم کر لی۔ تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ چک نمبر 223 ر۔ ب سہیل آباد گلی نمبر 4 کا 28 سالہ علی اختر کپڑے کی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا جو بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث بند ہو گئی اور فیکٹری کے مالک نے تمام ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ ننکانہ صاحب کے علاقہ صاحب والا کے فقیرحسین کا 20 سالہ بیٹا شہباز احمد علاقہ میں ہی کسی لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اسکے ساتھ شادی کا خواہشمند تھا مگر والدین نے انکار کر دیا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔