• news

بھکر: آدم خور بھائی نامعلوم مقام پر منتقل، گھر پر مشتعل افراد کا پھر دھاوا

بھکر + سرگودھا+ دریا خان (نامہ نگار+ ایجنسیاں) آدم خور بھائیوں فرمان عرف پھاما اور عارف عرف اپھل کو جسمانی ریمانڈ کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ کوئی بھی اہم انکشافات سامنے نہ آسکے جبکہ گذشتہ روز بھی آدم خور بھائیوں کے گھر پر مشتعل افراد نے ایک بار پھر دھاوا بول دیا، تعینات پولیس اہلکاروں کی اہل محلہ سے مبینہ طور پر بدتمیزی اور واقعہ کے خلاف لوگوں کے احتجاج کے بعد پولیس اہلکار فرار ہوگئے۔ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ آدم خوروں کے گھر پر تعینات پولیس اہلکاروں نے اہل محلہ سے مبینہ طور پر بدتمیزی کی، جس پر اہل محلہ نے احتجاج کیا۔ مشتعل ہونے پر علاقے میں پولیس کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں آدم خوروں کے گھر سے برآمد ہونے والی کھوپڑی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ آدم خوروں کے 7روزہ ریمانڈ کے پہلے دن کوئی بھی اہم انکشاف سامنے نہ آ سکا۔ آدم خور بھائیوں فرمان عرف پھاما اور عارف عرف اپھل کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ مشتعل افراد کی جانب سے آدم خوروں کے گھر پر دھاوا بول دیا گیا تھا جس کے باعث ان کے گھر کی چار دیواری بھی گر گئی تھی۔ علاوہ ازیں ڈی پی او بھکر امیر عبداللہ خان نے روزنامہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آدم خور بھائیوں سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جلد اہم انکشافات متوقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال ملزمان کے قبضہ سے ملنے والی کھوپڑی کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی آس پاس کے علاقوں سے کسی بھی شخص نے اپنے بچے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی ہے۔ آئی این پی کے مطابق  سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آدم خوری کے مقدمہ میں درج انسداد دہشت گردی ایکٹ کے بارے میں پولیس سے 7یوم کے اندر رپورٹ مانگ لی۔ تھانہ صدر دریا خان نے کہاوڑ کلاں کے آدم خوری کے مقدمہ میں گرفتار فرمان عرف پھاما اور عارف عرف اپھل کو بدھ کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا میں پیش کیا ڈیوٹی جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے اس مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ لگانے کے بارے تفتیشی افسر سے 7 یوم میں رپورٹ مانگ لی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ان ملزمان پر دہشت گردی کی دفعہ لگائی گئی تھی جو خارج کردی گئی تھی اب بھی دہشت گردی کی دفعہ لگی ہے پولیس نے آدم خوری کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پر رکھے گئے دونوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر رکھ کر تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن