• news

انرولمنٹ مہم میں سب سے بہتر کارکردگی والے حلقے کے ایم پی اے کو وزیر بنائینگے: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے انرولمنٹ مہم 2014ء کی تقریب سے خطاب سے قبل مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور 2 بچوں اور 2 بچیوں کو مفت کتابیں دیکر انکے نام سکول کے حاضری رجسٹر میں خود درج کئے۔ وزیراعلیٰ نے بیٹھ کر ان بچوں سے باتیں کیں۔ اس موقع پر انکے چہرے پر خوشی کے تاثرات نمایاں تھے۔ تقریب میں پنجاب کابینہ کے تمام وزراء نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں چین کی شاندار ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی قوم ہم سے 2 برس چھوٹی ہے لیکن محنت، ریاضت اور جہد مسلسل پر عمل پیرا ہو کر آگے نکل گئی ہے۔ جس وقت یورپ میں تعلیمی ادارے بن رہے تھے برصغیر میں اس وقت بیگمات کے محل تعمیر ہورہے تھے۔ تمام منتخب نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں میں انرولمنٹ مہم کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا پڑیگا۔ ایسے ارکان صوبائی اسمبلی جو یہ ہدف حاصل کریں گے انکی زبردست پذیرائی کی جائیگی اور جس حلقے کا نتیجہ سب سے بہتر ہوگا وہاں کے ایم پی اے کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائیگا۔ بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ میں رد و بدل کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن