• news

حکمرانوں کے باعث ملک تنزلی کی طرف جا رہا ہے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور  (وقائع نگار خصوصی)  لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے عادی افراد کیلئے بحالی مراکز کے قیام کیلئے درخواست کی سماعت کے دوران قرار دیا ہے کہ جیلیں منشیات فروشی کا گڑھ بن چکی ہے اور حکومت کچھ نہیں کر رہی، اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس جاری کریں گے۔  جسٹس فرخ عرفان نے ردا قاضی اور سردار عثمان کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ سیکرٹری ایکسائز خالد مسعود نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت جیلوں میں قید نشہ کرنے والے افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، لاہور اور راولپنڈی کی جیلوں میں بحالی کے مراکز قائم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، عدالت نے سیکرٹری ایکسائز کی سخت سرزنش کرتے ہوئے رپورٹ مسترد کر دی، فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اوپر جارہی ہے اور پاکستان نیچے جا رہا ہے، حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان تنزلی کی طرف جا رہا ہے معاشرے میں نشہ کی لعنت میں اضافہ ہو رہا ہے، جیلیں منشیات فروشی کا گڑھ بن چکی ہیں اور حکومت اس لعنت کو روکنے کیلئے کوئی کام نہیں کر رہی۔  عدالت نے سیکرٹری ایکسائز کو ہدایت کی جامع رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ورنہ آئندہ تاریخ پر انہیں معطل کر دینگے، فاضل جج نے مزید کہا کہ اگر کیس میں مثبت پیش رفت نہ ہوئی تو وزیر اعلیٰ کو نوٹس جاری کرینگے۔ کیس کی مزید سماعت 30اپریل کو ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن