وزیر معدنیات خیبر پی کے ضیاء آفریدی کرپشن میں ملوث، معدنیات کی تلاش کا لائسنس جاری نہیں کیا جا رہا، چینی سرمایہ کار کا الزام
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) چینی سرمایہ کار جوکن نے الزام لگایا ہے کہ وزیر معدنیات خیبر پی کے ضیاء اللہ آفریدی کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے معدنیات کے ذخائر کی تلاش کرنے کے لائسنسوں پر پابندی لگا رکھی ہے، تمام حکومتی ضوابط پورے ہونے کے باوجود مائننگ لائسنس جاری نہیں کیا گیا، پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے چینی سرمایہ کار نے کہا کرپشن کے باعث چینی سفارتخانے نے اپنے لوگوں کو خیبر پی کے میں سرمایہ کاری سے روک لیا ہے۔ ادھر صوبائی وزیر نے جواباً کہا ہے کہ چینی سرمایہ کار نے غیرقانونی طور پر معدنیات چین برآمد کیں۔ جوکن فنگ نے چینی سفارتخانے کا نام استعمال کرکے غلط بیانی سے کام لیا۔ چینی سفارتخانے کو خط بھیج کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے چترال میں ٹونی پاک چینی کمپنی کو صرف ایکسپلوریشن کا لائسنس دیا تھا، ٹونی پاک کمپنی کا لائسنس بھی جلد منسوخ کیا جا رہا ہے۔