• news

پاک برطانیہ تعلقات

 برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون فراہم کر رہا ہے جسے جاری رکھاجائیگا۔ جمہوریت کا استحکام چاہتے ہیں خواہش ہے جمہوریت پھلے پھولے جبکہ مشیر قومی سلامتی امور خارجہ وزیراعظم  سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔10 لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں جو بہترین تعلقات کی دلیل ہیں۔ دونوں ممالک میں باہمی تجارت کا حجم اڑھائی بلین پونڈ تک ہے جسے بڑھا کر تین بلین پونڈ کرنیکی کوششیں جاری ہیں برطانیہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو تعاون فراہم کررہا ہے جسے برطانوی ہائی کمشنر نے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان آمد پر کہا تھا کہ پاکستان کا دشمن برطانیہ کا دشمن اور اس کا دوست ہمارا دوست ہے ۔جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کیلئے برطانیہ نے  ہماری مدد کی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، تعلیم، ثقافت سمیت تمام شعبوں میں مستحکم تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان برطانوی اداروں کی تقلید کرکے اپنے اداروں کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرے۔ برطانیہ پاکستان کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے خصوصی طورپر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن