پاکستان اور امریکی کمپنی میں ہوا سے 50 میگاواٹ بجلی بنانے کا معاہدہ
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور امریکی کمپنی میں 50 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یو ایس انرجی اور متبادل توانائی بورڈ کے درمیان 50 میگاواٹ پون بجلی کے معاہدے پر اسلام آباد میں دستخط کئے گئے، منصوبے پر 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لاگت آئیگی اور یہ 3 سال میں مکمل ہیگا۔ پاور پلانٹ جھمپیر (سندھ) میں نصب کیا جائیگا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہوا، کوئلے اور پانی سے سستی بجلی کے منصوبے شروع کردیئے ہیں، 2 ہزار میگاواٹ بجلی گنے کے چھلکے سے پیدا کریں گے۔ سرکلر ڈیٹ ایک سال میں ختم نہیں ہوگا، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2500 میگاواٹ ہے، شہری علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، ملک بھر میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔ بجلی چور حکومت کیخلاف احتجاج کررہے ہیں، بل ادا کرنے والوں کو بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔