• news

گورنر مہتاب عباسی کی صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں، طالبان سے مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(آئی این پی + ثناء نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پورے ملک بالخصوص خیبر پی کے اور قبائلی علاقوں میں مکمل قیام امن ہماری حکومت کی اوّلین ترجیح ہے ، امن وامان کی بحالی کے بعد دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور ترقیاتی عمل شروع کیا جائیگا ، مجھے امید ہے کہ بطور گورنر آپ صوبے کی ترقی ، قیام امن کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ وہ گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب عباسی سے بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں بات چیت کررہے تھے۔ سردار مہتاب خان عباسی نے گورنر خیبر پی کیبننے کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں مذاکرات سمیت قبائلی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبر پی کے نے وزیراعظم کو گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کی دعوت دی۔ دریں اثناء گورنر سردار مہتاب عباسی نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نئے گورنر کی ان کی ذمہ دارویوں کی کامیابیوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ترقی خوشحالی امن و استحکام کے سلسلے میں صوبہ خیبر پی کے بالخصوص قبائلی علاقوں کے عوام کے توقعات پر پورا اتریں گے، عوام کے وسیع تر مفاد میں اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت قبائلی علاقوں کی ترقی و خوشحالی سماجی معاشی ترقی، قبائلیوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور ماضی کی زیاتیوں کے ازالے پسماندگی میں کمی کیلئے بھر پور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔حکومت قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے۔ صدر مملکت نے نئے گورنر کو ہدایت کی کہ وہ فاٹا میں امن کی بحالی سماجی اور معاشی حالات میں بہتری کیلئے بھر پور کاوشیں بروئے کار لائیں۔ صدر مملکت نے نئے گورنر کو اس بارے میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں مہلک امراض بالخصوص پولیو پر قابو پانے کیلئے گورنر موثر اقدامات کریں۔

ای پیپر-دی نیشن