سوات: نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ، مسلم لیگ ن کا رہنما قتل، ساتھی زخمی
سوات+ جمرود (اے پی پی+آئی این پی) مٹہ کے بازار میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کا رہنما جاں بحق جبکہ ساتھی زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق تحصیل مٹہ کے علاقے شکردرہ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما گران خان اپنے ساتھی باچا علی کار میں کسی کام کی غرض سے مٹہ بازار گئے ہوئے تھے کہ نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 38سالہ گران خان سر میں گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی باچا علی زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لئے مٹہ ہسپتال اور بعدازاں سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مٹہ پولیس نے گران خان کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے۔ مزید برآں تحصیل جمرود کے علاقے غاڑیزہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کا پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی تاہم ٹیموں کے حفاظت پر مامور خاصہ دار فورس کی جوابی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار فرار ہو گئے۔ حملہ کے بعد خاصہ دار فورس کی اضافی نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سرچ اپریشن شروع کر دیا۔ دریں اثناء جمرود کے علاقے سخی پل سے دو دن پہلے زمین کے تنازعہ پر اغوا ہونے والے محکمہ پی ٹی سی ایل کے ریکوری آفیسر گوہر ایوب کو پولیٹیکل انتظامیہ اور قبائلی جرگہ کی کوششوں سے بازیاب کر لیا گیا۔ جرگہ کے ایک مشر نے بتایا کہ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ جمرود محمد روشن محسود نے کوکی خیل قومی مشران کا ایک نمائندہ وفد مخالفین کو بھیجنے کے بعد مغوی کو جرگہ کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ محکمہ پی ٹی سی ایل کے ریکوری افیسر گوہر ایوب کو دو دن پہلے جمرود کے علاقے سخی پل سے مخالفین نے زمین کے تنازعے پر اغوا کر لیا گیا تھا۔