عراق: خودکش حملہ‘ بم دھماکے‘ 14 فوجیوں سمیت 22 ہلاک: ابو غریب جیل عارضی بند
بغداد ( این این آئی ) عراق میںتین الگ الگ بم دھماکوں، شدت پسندوں کے فورسز پر ہینڈ گرینیڈ حملے اورفائرنگ کے نتیجے میں چودہ فوجی اہلکاروںسمیت 22 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیاگیا، فوری طورپر دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی، ادھرعراقی وزارت انصاف نے کہاہے کہ بدنام زمانہ ابو غریب جیل کو عارضی طورپر بندکیاگیاہے۔ سلامتی کی صورتحال بہتر ہوتے ہی اسے دوبارہ کھول دیاجائیگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو وزیر انصاف حسن الشماری نے کہاکہ بدنام زمانہ جیل ابوغریب سے قیدیوں کی دیگر جیلوں میں منتقلی کا مقصدملک کو دہشت گردی سے بچانا ہے۔حکام کے مطابق بغداد میں فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ مصروف تجارتی علاقے میں دھماکوں سے معمولی نقصان بھی ہوا۔