• news

وفاقی کابینہ آج 7 نکاتی ایجنڈا پر غور کریگی ایل این جی پالیسی کی منظوری کا امکان ، طالبان کے ساتھ مذاکرات پراعتماد میں لیا جائیگا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس صبح 9 بجے طلب کر لیا۔ کابینہ کے ایجنڈے میں سی ڈی اے آرڈیننس 1960ء میں ترمیم پر غور شامل ہے۔ اجلاس میں ایل این جی پالیسی کی منظوری دی جائے گی۔ اطلاعات تک رسائی اور جوائنٹ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے بل پیش کئے جائینگے۔ طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیشرفت سے متعلق پہلی مرتبہ کابینہ کو اعتماد میں لئے جانے کا امکان ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق اجلاس میں 7نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ کابینہ مشترکہ بحری  تنظیم کے مسودہ قانون اطلاعات تک رسائی کے مسودہ قانون اور سرمایہ کاری فنڈ کی منسوخی  مسودہ قانون کا جائزہ لے گی جبکہ قانونی پریکٹس کے قانون اور حقوق مالکیت آرڈیننس میں ترمیم کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں سی ڈی اے آرڈیننس 1960ء میں ترمیم پر غور بھی شامل ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق    سائبر کرائم بل کا مسودہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ ایران کے موقع پر بجلی درآمد کرنے کی باہمی مفاہمت کی یادداشت سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔ ملک کی مجموعی سیاسی و سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کالعدم تحریک طالبان سے جاری مذاکرات کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دینگے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مختلف ممالک کے ساتھ 12ایم او یو کی منظوری دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ایران سے بجلی حاصل کر نے کیلئے ایک ایم او یو کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن