پاکستان سے دوستانہ تعلقات قائم کریں گے فسادات کا الزام ثابت ہوا تو پھانسی دیدی جائے: مودی
نئی دہلی (بی بی سی‘ نیوز ایجنسیاں) بھارت میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ اگر وزیراعظم منتخب ہو گئے تو پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات قائم کریں گے۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی ملک کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہ کرنے کی پالیسی کے حامی ہیں۔ خبررساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ وہ اٹل بہاری واجپائی کی پالیسی کی پیروی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو دیرینہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں اور باہمی اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔ آئی این پی کے مطابق مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ عزت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ لڑنے کا فائدہ نہیں۔ ترقی کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔ ایٹمی ہتھیار دفاع کیلئے ہیں‘ استعمال میں پہل نہیں کریں گے۔ گجرات فسادات پر کوئی الزام ثات ہو تو سرعام پھانسی دیدی جائے۔ واشنگٹن سے ذاتی تعلقات کو ماضی کا حصہ بن کر دہلی کا مفاد سامنے رکھ کر بہتر تعلقات بنانا چاہوںگا۔ عام انتخابات میں کانگریس کو بدترین شکست ہوگی۔ مودی نے کہا آنکھ دکھانے کا زمانہ چلا گیا۔ وزیراعظم منتخب ہوا تو سیاستدانوں کے خلاف فوجداری مقدمات سے نمٹنے کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کروں گا۔ بھارت میں سب سے بڑا بحران اعتماد کا فقدان ہے۔ اگر اس کمی کو پورا کر لیا جائے تو پھر ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں رہتی۔