800 لیڈی ڈاکٹرز کا مستقبل سیکرٹریٹ کے کلرکوں، سٹینوگرافروں کے رحم و کرم پر
لاہور (خصوصی رپورٹر) محکمہ صحت میں پبلک سروس کمشن کے ذریعے 2013ء میں بھرتی ہونے والی 800 لیڈی ڈاکٹروں کا مستقبل سیکرٹریٹ کے کلرکوں اور سٹینوگرافروں کے رحم و کرم پر ہے۔ ڈاکٹروں کی پوسٹنگ کے معاملے پر لیڈی ڈاکٹرز اور ان کے والدین کو فائلیں گم ہونے کا کہہ کر چکر لگوائے جاتے ہیں تاکہ کلرک بادشاہوں اور سٹینوگرافروں کی مٹھی گرم کی جائے۔ حیرت انگیز طور پر سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری بھی ان لوگوں کے ہاتھوں بے بس ہیں جبکہ سیکشن افسر صورتحال سے لاعلمی کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس لوٹ مار میں سیکرٹریٹ کے ڈبلیو ایم او سیکشن کے سٹینوگرافر سب سے بازی لئے ہوئے ہیں لیکن ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ لیڈی ڈاکٹروں اور ان کے والدین نے نوائے وقت آ کر اپنی بپتا سنائی اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے اپیل کی کہ لیڈی ڈاکٹروں کی دادرسی کریں۔