• news

امن کے بغیر ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم کو امن کا تحفہ دینے کا عزم کر رکھا ہے۔ ہم سب کی خواہش ہے کہ ملک میں امن ہو کیونکہ امن کے بغیر ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا دہشت گردی سمیت ہر قومی معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ملکی اتحاد اور جمہوریت کے استحکام کا مظہر ہے۔ گذشتہ چند برسوں میں سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں میں جمہوری شعور پیدا ہوا اور وہ مختلف قومی ایشو پر مل بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔ گذشتہ روز آصف علی زرداری سے وزیراعظم کی ملاقات اس سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ ملک میں جمہوریت اپنا سفر آگے کی طرف طے کرے۔ جمہوریت پاکستان کا مقدر ہے اور یہی ترقی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہم سب کی فوج ہے اور ہم سب کو فوج سے پیار ہے۔ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوج اور پولیس کے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج کو مضبوط ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں شریف ایجوکیشنل کمپلیکس میں قائم خصوصی بچوں کے ادارے اوسس (Oasis) میں زیرتعلیم خصوصی طلبہ کی بنائی گئی پینٹنگز اور تصاویر کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بہتری کیلئے کام کرنے والے افراد عظیم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ معاشرے کے اہل ثروت افراد کو اس کارخیر میں بھرپور حصہ ڈالنا چاہیے۔ شریف ایجوکیشنل کمپلیکس میں خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے قائم ادارہ اوسس (Oasis) ہمارے مرحوم دادا میاں محمد شریف کی جانب سے لگایا گیا پودا ہے جو اب ایک تن آور درخت بن چکا ہے۔ یوتھ فیسٹیول کے دوران خداداد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے دور دراز علاقوں نوجوانوں کیلئے 2 ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔ سکول کی پرنسپل نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کو سکول کے مختلف حصوں، کلاس رومز اور آرٹ روم کا دورہ کرایا۔

ای پیپر-دی نیشن