فورٹ منرو کے عوام نے میپکو اہلکاروں کو یرغمال بنا کر اچھا کام کیا: جمشید دستی
ڈیرہ غازی خان (اے این این) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ فورٹ منرو کے عوام نے میپکو اہلکاروں کو یرغمال بنا کر اچھا کام کیا، عوام دہشت گرد حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ فورٹ منرو کے عوام نے میپکو اہلکاروں کو یرغمال بنا کر درست اقدام اٹھایا۔ بجلی آتی نہیں لیکن 50، 50 ہزار روپے کا بل آتا ہے جب کہ وڈیروں کو چھوڑ بل کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جارہا ہے اور بل کی عدم ادائیگی پر انہیں پولیس پکڑتی ہے جس کے باعث بجلی کی چوری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمشید دستی نے کہا کہ میں ایک غریب آدمی ہوں اگر ملک میں بجلی مہنگی ہے اور غریبوں کو اس کا انصاف نہیں مل رہا تو ایسی صورتحال میں بجلی چوری ہی ہو گی۔