نشے سے 42 سالہ شخص کی ہلاکت‘ مزنگ پولیس نعش سول لائن تھانے کی حدود میں پھینک گئی
لاہور (نامہ نگار) مزنگ کے علاقہ کوئنز روڈ پر نشہ آور انجکشن لگا کر 42 سالہ شخص کی ہلاکت پر پولیس کی انتہائی بے حسی دیکھنے میں آئی ہے۔ مزنگ پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر نعش اٹھائی اور سڑک کی دوسری طرف رکھ کر رفوچکر ہو گئی تاکہ یہ وقوعہ سول لائن تھانے کا بن جائے۔ تفصیلات کے مطابق مزنگ کے علاقہ کوئنز روڈ پر ضیاء سٹریٹ ڈسکہ کے رہائشی رانا احمد خان کا42 سالہ بیٹا غلام عباس نشہ آور انجکشن لگانے سے دم توڑ گیا جس پر لوگوں نے پولیس کو اطلاع کی۔ مزنگ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش اٹھائی اور اسے سڑک کی دوسری طرف پھینک کر وہاں سے چلے گئے۔ شہریوں نے نعش کی بے حرمتی کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جس کے بعد پولیس کو دوبارہ اطلاع کی گئی۔ مزنگ پولیس نے جواب دیا نعش ہمارے علاقہ میں نہیں سول لائن تھانے کی حدود میں ہے جس پر سول لائن پولیس وہاں پہنچ گئی اور نعش قبضے میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اپنے علاقہ سے ملنے والی لاوارث لاش کفن دفن سے جان چھڑوانے کیلئے اسے دوسرے تھانے کی حدود میں رکھ کر اپنی جان خلاصی کرا لیتی ہے۔