جمہوریت کی گاڑی چلے گی تو خامیاں رفتہ رفتہ دور ہو جائینگی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے جس سے نکلنے کے لئے ملک کی سیاسی قیادت کو دوراندیشی اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا ہو گا تاکہ ملک کا جمہوری نظام بلا روک ٹوک چلتا رہے۔ بدترین جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے۔ جماعت اسلامی غریبوں، مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں اور ملک بھر کے مظلوم عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ ان خیالات کاظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں ضلع بٹگرام سے تعلق رکھنے والے اہم سیاسی و دینی شخصیات کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی خیبر پی کے کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان اور جماعت اسلامی ضلع بٹگرام کے امیر محمد رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ضلع بٹگرام کے سابق تحصیل ناظم داسو کوہستان عمر صدیق، سابق تحصیل ناظم پالس کوہستان مولانا خادم اللہ، غلام نبی خان، ملک امیرزادہ، جنت نور، حریف گل، عبدالسلام، بٹنگ خان، محمد شفیع اور فیض الحق سمیت دیگر لوگوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے گی تو جمہوری نظام میں موجود خامیاں اور خرابیاں بھی رفتہ رفتہ دور ہوتی جائیں گی۔