ماؤنٹ ایورسٹ: برفانی تودہ گرنے سے 13 نیپالی گائیڈ ہلاک، 3 زخمی ،7 لاپتہ
کھٹمنڈو (اے این این+ بی بی سی) دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے13 نیپالی گائیڈ ہلاک، 3 زخمی، 7لاپتہ ہوگئے۔ مقامی میڈیاکے مطابق برفانی تودہ پاپ کارن فیلڈ کے نام سے مشہور علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے گرا۔ حکام کے مطابق یہ جگہ ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ سے قریب ہے اور اس کی بلندی 5800 میٹر ہے۔ ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کچھ گائیڈوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش کے لئے کارروائی جاری ہے۔ سیاحت کی وزرات کے اہلکار نے بتایا امدادی کارروائی کے تحت مدد کے لئے تین ہیلی کاپٹر علاقے میں بھیجے گئے ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے نے حکام کے حوالے سے بتایا شرپا گائیڈز کے ارکان صبح اس علاقے میں کوہ پیماؤں کے لئے رسیاں لگانے گئے تھے برفانی تودہ گر گیا۔ واضح رہے 1953ء میں پہلی مرتبہ تسخیر کئے جانے بعد سے اب تک تین ہزار سے زائد لوگوں نے اسے سر کیا ہے اور اس دوران بہت سے کوہ پیما ہلاک ہو چکے ہیں۔ چین اور نیپال دونوں کی علاقائی حدود میں پھیلی یہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے جس کی اونچائی 8848 میٹر یا 29029 فٹ ہے۔