مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے منایا ‘کل ایسٹر کا تہوار ہو گا
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے منایا ۔ لاہور ،کراچی، اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں کے گرجاگھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ۔ گڈ فرائیڈے کی عبادت کے دوران گرجا گھروں کے پادریوں نے امن اور بھائی چارے کا درس دیااور ملکی سلامتی، امن وامان کے قیام، اوربین المذاہب ہم آہنگی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ لاہور میں گڈ فرائیڈے کی سب سے بڑی تقریب کیتھیڈرل چرچ مال روڈ میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں خصوصی دعا ئوں کے علاوہ مسیحی گیت بھی گائے گئے اورخیروبرکت کی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔ مسیحی برادی کل ( اتوار) ایسٹر کا تہوار منائے گی۔پاکستان یونائیٹڈ کرسچن موومنٹ کے سربراہ البرٹ ڈیوڈ نے کہا ہے کہ ایسٹر کا تہوار قربانی‘ نجات اور فتح کا پیغام ہے ‘غیرمسلم پاکستانی ملک کی سالمیت اور ترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ایسٹر کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک پر غیریقینی کی صورتحال کے بادل چھائے ہیں ان کو اب چھٹنا ہوگا جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ایسٹر کی عبادات میں گھرجا گھروں میں ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائوں کی اپیل بھی کی ہے ۔