• news

لاہور: کالعدم تنظیم کے 6 ٹارگٹ کلرز گرفتار‘ شمس معاویہ‘ ناصر عباس سمیت کئی رہنمائوں کے قتل کا اعتراف

لاہور (سٹاف رپورٹر) سی آئی اے پولیس نے فرقہ وارانہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں ملوث کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے ان سے مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم مذہبی رہنمائوں، ڈاکٹروں، وکلائ، پروفیسرز اور ٹی وی اینکر پرسنز سمیت نامور شخصیات کو ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ دہشت گردی کی وارداتوں میں قتل اور زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ ملزم انتہائی خطرناک ہیں اور ان کی گرفتاری کے بعد صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ہوگیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلرز میں عبدالرئوف گجر، محمد صابر عرف اکرام خان، شیخ فرحان رفیق، شفاقت فاروقی عرف معاویہ، محمد ہاشم اور سلیمان پٹھان شامل ہیں۔ گینگ کے دوسرے افراد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ سی سی پی او نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزموں نے 6 دسمبر 2013 تنظیمی اختلافات کی وجہ سے کالعدم تنظیم کے رہنما کے کہنے پر اہل سنت و الجماعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمن معاویہ کو قتل کیا۔ حالانکہ اسی روز انہوں نے مولانا کی امامت میں نماز جمعہ بھی ادا کی تھی۔ ملزموں نے 3 مئی 2013 کو شاہی قلعہ کے قریب فائرنگ کرکے سنی تحریک کے خرم رضا قادری کو بے دردی سے قتل کیا جبکہ ایڈووکیٹ شاکر رضوی کو 19 اکتوبر 2012 کو دفتر سے باہر نکلتے ہوئے ایڈووکیٹ ارشد علی شاہ کو 28 اگست 2013 کو کچہری سے واپس آتے ہوئے 2 موریہ پل کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ملزموں نے ڈاکٹر سید علی حیدر اور ان کے صاحبزادے مرتضیٰ حیدر کو قتل کیا۔ 11 جولائی 2013 کو ڈاکٹر محمد عظیم جعفر کو کلینک سے نکلتے ہوئے ایک موریہ پل کے قریب جبکہ 19 مئی 2012 کو تھانہ شمالی چھائونی میں علامہ ڈاکٹر شبیہ الحسن کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ علامہ ناصر عباس کو عبدالرئوف گجر اور اس کے ساتھی نے گارڈن ٹائون میں ٹارگٹ کیا۔ بینک منیجر سید وقار حیدر کو 11 فروری 2013 کو اسی علاقے میں قتل کیا۔ اسکے علاوہ 27 اگست 2013 کو سید مبشر حسین نقوی کو 2 موریہ پل کے قریب غلام رضا جعفری کو شالیمار کے علاقے میں سید علی حسین قزلباش کو فردوس مارکیٹ اشارے کے قریب قتل کیا۔ ملزموں نے اینکر رضا رومی کو 28 مارچ 2014 کو ٹارگٹ کیا لیکن وہ خوش قسمتی سے بچ گئے اور اس واردات میں ان کا ڈرائیور ہلاک اور گارڈ زخمی ہوگیا تھا اسی طرح ٹارگٹ کلر عبدالرئوف گجر نے فائرنگ کرکے مسعود عابد نقوی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر صغیر اصغر بلوچ، پروفیسر سید نامور عباس اور مشہور ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید کو ٹارگٹ کرکے زخمی کردیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ انہیں ملزموں نے ساتھیوں سے ملکر برانڈرتھ روڈ کے صنعت کار صہیب احمد کو اغوا کیا اور 2کروڑ روپے تاوان وصول کرکے رہا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن