طالبان نے دہشت گردی کی تو حکومت بھرپور جواب دے گی: سینیٹر مشاہد اللہ
اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ طالبان نے اگر دہشت گردی کا کوئی واقعہ کیا تو حکومت اس کا بھرپور جواب دے گی، مذاکرات کی آڑ میں ہونے والی دہشت گردی پر حکومت کو شدید خدشات ہیں، دہشت گردی سے نمٹنا قومی مسئلہ بن چکا ہے۔ اپوزیشن تحفظ پاکستان بل پر تنقید اور ذاتی مفادات کو ترک کر کے قومی مفاد میں سوچے۔ وہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ مشاہد اللہ نے کہا کہ اگر مذاکرات پر طالبان کو خدشات اور تحفظات ہیں تو حکومت کو طالبان سے زیادہ خدشات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک گزشتہ کئی برسوں سے دہشت گردی کا شکار ہے جس میں ہزاروں معصوم پاکستانی اس کا شکار اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو اپوزیشن تنقید کرتی ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف قانون سازی نہیں کر رہی اگر تحفظ پاکستان بل کے ذریعے سخت قانون سازی کر رہی ہے تو اپوزیشن تنقید برائے تنقید کا مظاہرہ کرتے ہوئے بل پر قومی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کے لئے سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس بل پر ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفاد میں بل کی منظوری کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔