قانون کی بالادستی کیلئے عدلیہ کا کردار انتہائی اہم ہے: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کے لئے عدلیہ کا انتہائی اہم کردار ہے، ایف ایٹ کچہری میں سکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سانحہ ایف ایٹ کچہری میں شہید ہونے والوں کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جسٹس ریاض احمد خان، جسٹس نورالحق این قریشی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ سید کوثر عباس زیدی، سیشن جج ویسٹ راجہ جواد عباس حسن سمیت تمام ایڈیشنل اور سول ججز نے شرکت کی۔ جسٹس محمد انور خان کاسی نے کہا کہ پولیس سمیت دیگر اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے عصر حاضر کے مطابق جدید تربیت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے شہداء اور زخمیوں کو مالی امداد دینے کے اقدام کو سہراہا اور کہا کہ اگر بار ایسوسی ایشن نے کہا تو ان کی مدد کی جائے گی۔ ایف ایٹ کچہری طرز کے واقعات روکنے کے لئے قائم کمیٹی نے بڑی محنت سے رپورٹ تیار کی ہے اسے سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ تعزیتی ریفرنس کی تقریب سے سابق ایڈیشنل سیشن جج رفاقت احمد اعوان کے بیٹے افراسیاب، دیگر شہدا کے ورثاء اور زخمیوں نے بھی خطاب کیا۔ آئی بی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جوائنٹ سیکرٹری نفیس صدیقی نے شہید ہونے والوں کے لواحقین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے کاغذات اور زخمیوں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے تقسیم کئے۔ ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ کورٹ بار کے صدور نے بھی خطاب کیا۔