گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 7 فیصد تک کمی کا اعلان
لاہور (اپنے نامہ نگار سے)گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی بریفنگ پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5سے 7فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اگر گڈز گاڑیوں کے بے جا چالانوں کا سلسلہ روکا جائے تو واضح کمی کی مزید نوید سنائیں گے۔ صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت علی کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری پی ٹی اے، ڈپٹی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر چودھری مختار کے نمائندہ نائب صدر شراف گل آفریدی سمیت اضلاع کی سطح پر پنجاب بھر کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹروں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے گڈز ٹرانسپورٹرو ں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے یقین دہانی کروائی اور کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں کمی نہ کی جو عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ اس مو قع پر لاہور پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے باہمی مشاورت کے ساتھ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5سے 7فیصد کمی کا اعلان کیا۔