شوکت یوسف زئی زبان کو لگام دیں، انکے دماغی معائنے کی ضرورت ہے: عابد شیر
سانگلہ ہل (آئی این پی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ خیبرپی کے کے وزیر صنعت شوکت یوسف زئی اپنی زبان کو لگام دیں، مجھے ذہنی مریض کہنے والے شوکت یوسف زئی کو خود ماہر ڈاکٹر سے دماغی معائنہ کرانے کی اشد ضرورت ہے۔ بجلی چوری روکنا اور بجلی چوروں کو کو منظرعام پر لا کر ان کے خلاف سختی سے نوٹس لینا میرا فرض ہے۔ وہ وزیر صنعت خیبرپی کے شوکت یوسفزئی کی طرف سے شائع ہونے والے بیان پر تبصرہ کر رہے تھے۔ عابد شیر نے کہا کہ وزارت کی کرسی پر بیٹھ کر منہ سے آگ کے شرارے نکالنا اچھا عمل نہیں ہے۔ حکومت نے جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے اسے ہر حال میں نبھائوں گا۔ بجلی چوری کا خاتمہ اور بجلی چوروں کو نکیل نہ ڈال سکا تو پھر میری وزارت کا کیا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے بجلی چوری کے خاتمہ کے لئے سپیشل ٹاسک فورس بنائی جا رہی ہے، اس سے ہفتہ وار رپورٹ لی جائے گی اور پھر اس کی رپورٹ کی روشنی میں بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کیا جائے گا۔