سانگلہ ہل، روٹھی بیوی کے نہ ماننے پر سالے کی بچی اغواء کر لی، ٹرین میں چھوڑ کر فرار
سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) روٹھی بیوی کے نہ ماننے پر سالے کی 3 سالہ بچی کو اغواء کرنیوالا لاہور کا عابد علی بچی کو کراچی لے گیا اور واپسی پر روہڑی ریلوے سٹیشن کے قریب ٹرین میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ ریلوے پولیس نے بچی کو مسافروں کی نشاندہی پر تحویل میں لے لیا جسے آج فیصل آباد ریلوے پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ شادی پورہ لاہور کے رہائشی عابد علی کی شادی سانگلہ ہل میں جناح کالونی کے رہائشی مزمل عباس کی ہمشیرہ سے ہوئی۔ خاوند سے جھگڑے پر خاتون میکے آ گئی۔ عابد 8 اپریل کو بیوی کو منانے سانگلہ ہل گیا، بیوی نے ساتھ جانے سے انکار کیا تو عابد نے گلی میں کھیلتی ہوئی اپنے سالے کی 3 سالہ بچی سونہل کو اپنے ساتھیوں محمد اقبال اور محمد نذیر عرف جیرا وغیرہ کے ہمراہ کار میں ڈال کر اغواء کر لیا اور کراچی لے گیا۔ بچی کو کراچی سے واپس ٹرین میں کسی اور شہر لیجایا جا رہا تھا کہ ملزم روہڑی سٹیشن کے قریب ٹرین رکنے پر بچی سونہل کو چھوڑ کر ٹرین سے اتر گیا۔