• news

3 ماہ کے دوران لاہور کے شہری 1814 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے محروم

لاہور (میاں علی افضل سے) لاہور میں 2014 کے پہلے 3 ماہ میں ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو کروڑوں روپے مالیت کی 1 ہزار 8 سو 14 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے محروم کر دیا ہے جبکہ پولیس تاحال 1 ہزار 4 سو 80 وارداتوں کے ملزمان کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔ پولیس نے 32 ملزمان کیخلاف درج مقدمات بھی خارج کر دئیے ہیں جبکہ چند ملزمان کا چالان پیش کیا جا سکا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کی 6 ڈویژنوں میں آپریشن ونگ کی ناقص کارکردگی کے باعث وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پولیس کی پٹرولنگ نہ ہونے کے باعث جرائم پیشہ عناصر بے خوف وارداتیں کر رہے ہیں اور شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ شہر میں گن پوائنٹ پر 14 گاڑیاں چھین لی گئیں جن میں سے 11 وارداتوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا اور 3 ملزمان کے چالان مکمل کئے گئے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر 1 سو 51 شہریوں سے موٹرسائیکلیں چھینی اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جبکہ پولیس 120 وارداتوں کا کوئی سراغ نہیں لگا سکی۔ گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھیننے کے 3 ملزمان کیخلاف مقدمات خارج کر دئیے گئے جبکہ 28 ملزمان کے چالان مکمل کئے جا سکے شہر کے مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 3 سو 59 شہریوں کی گاڑیاں چوری کر لی گئیں جبکہ پولیس تاحال  3 سو 13 وارداتوں کے ملزمان کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ 10 ملزمن کیخلاف درج مقدمات خارج کر دئیے گئے ہیں جبکہ 34 ملزمان کے چالان مکمل کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن