• news

سندھ اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر 10 منٹ بعد ہی ملتوی

کراچی (این این آئی) سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو تلاوت کلام پاک کے بعد کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے پیر کی صبح تک ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس میں کوئی کارروائی نہ ہوئی اور صرف 10 منٹ میں اجلاس ملتوی ہوگیا۔ اجلاس صبح 10 بج کر 5 منٹ پر سپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اس وقت اجلاس میں سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو اور وزیر قانون ڈاکٹر سکندر میندھرو سمیت کل 6 ارکان ایوان میں موجود تھے۔ سپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ ہم نے وقت پر اجلاس شروع کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ہم وقت پر آتے ہیں۔ ارکان کو بھی اس بات کا احساس ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ارکان وقت پر ایوان میں نہیں آئے تو میں اجلاس ملتوی کردیا کروں گا۔ ادھر سندھ اسمبلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سید فیصل سبزواری نے کہا کہ حکومت کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوںکے ماروائے عدالت قتل کے معاملے پر راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع کرنے کے فوری بعد ملتوی کردینا پیپلز پارٹی کی مفاہمت کی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ ہم اپنے کارکنوں کے اغواء اور ان کے ماروائے عدالت قتل پر احتجاج کررہے ہیں۔ اس موقع پر سید سردار احمد نے کہا کہ سپیکر نے اجلاس کے شروع ہونے کے 10 منٹ کے اندر ہی ازخود ہی پیر تک موخر کردیا جبکہ ہمارے ارکان گھنٹیاں بند ہونے کے بعد ایوان میں جانے کی تیاریاں کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن