• news

گندم پرسبسڈی ختم کرنے کیخلاف گلگت بلتستان میں ہڑتال، چوتھے روز بھی دھرنے

گلگت/اسلام آباد (این این آئی)گندم پرسبسڈی کے خاتمے کے خلاف گلگت بلتستان ڈویژن میں ہڑتال اور دھرنے چوتھے روز بھی جاری رہے جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ جلد ہی دھرنوں پر بیٹھے مظاہرین کو گلگت کی طرف مارچ کی کال دی جائیگی۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر گلگت بلتستان ڈویژن کے اضلاع گلگت، ہنزہ نگر، سکردو، استور، غذر اور دیامر میں دھرنے دئیے گئے۔ مظاہرین نے شاہراہ قراقرم کے گلگت سوست سیکشن پر بھی دھرنے دے کر شاہراہ بند رکھی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق گندم کی ترسیل پر دی جانے والی سبسڈی بحال کی جائے،کرپشن اور لوڈشیڈنگ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ گلگت کے سوا باقی تمام اضلاع میں شٹرڈاون اور پہیہ جام ہڑتال بھی جاری رہی جبکہ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ گلگت میں گندم کی طلب اور رسد کا بحران نہیں تسلی بخش سٹاک موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن