حکومت اور فوج میں خلیج نہیں، ناکام سیاستدان دکانداری چمکا رہے ہیں: احسن اقبال
لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کے درمیان کوئی خلیج نہیں، ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں چند عناصر پاکستان میں سرمایہ کاری روکنے کیلئے افواہیں پھیلا رہے ہیں اور چند ناکام سیاستدان اپنی دکانداری چمکا رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز لاہور سٹاک ایکسچینج کے پروگرام( فیڈ بیک سیشن۔ گیارہواں پانچ سالہ منصوبہ) میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا تحفظ پاکستان جیسا قانون وقت کی ضرورت ہے، قانون کی حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے بل پر اپوزیشن کے تحفظات کو دور کیا جائے گا، اس سے امن آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ طالبان سے محتاط انداز میں بات چیت کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ حکومت ملک کی ترقی کے لیے توانائی سمیت دیگرشعبوں میں بھرپوراقدامات کررہی ہے، امید ہے سردیوں میں گیس کی لوڈشینڈنگ نہیں ہوگی۔ حکومت اور فوج کے درمیان عدم اعتمادی کی افواہیں پاکستان کی ایٹمی قوت ہونے کے مخالف پھیلا رہے ہیں۔ تحفظ پاکستان بل ملک میں امن و امان بہتر ہونے پر دو سال میں ختم ہو جائے گا۔ لوڈ شیڈنگ کو 18 گھنٹے سے کم کرکے 10 گھنٹے پر لے آئے ہیں۔ بین الاقوامی سوچ میں بڑی تبدیلی آ رہی ہے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے۔ حکومت انفراسٹرکچر کی طرف بھر پور توجہ دے رہی ہے۔ چین کی مدد سے بننے والی اقتصادی راہ داری اور لاہور کراچی موٹر وے اگلے چار سالوں میں مکمل ہو جائے گا۔ توانائی بحران کے حل کی طرف خصوصی توجہ ہے اگلے پانچ سے سات سالوں میں 22 ہزار میگا واٹ بجلی چین کی مدد سے بنانے کی منصوبہ بندی ہے۔ الیکشن کا دور ختم ہو چکا ہے اب تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کرنا چائیے یہ دور دھرنوں اور لانگ مارچ کا نہیں ہے۔