سوات میں 300سال پرانی مسجد اصل حالت میں بحال
سوات (بی بی سی اردو) وادیِ سوات کے گاؤں سپل بانڈی میں تین سو سال پرانی ایک قدیم تاریخی مسجد کو انتہائی خوبصورت نقش و نگار اور تزئین و آرائش کے ساتھ اپنی اصلی حالت میں بحال کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے یہ مسجد پندرہ اور سولہ سو عیسوی کے درمیان اس وقت تعمیر ہوئی تھی جب یوسف زئی قبیلے نے اس علاقے پر حملہ کر کے قبضہ جما لیا تھا۔ مسجد میں لکڑی پر کندہ کاری کا کام مہارت اور خوبصورتی سے کیاگیا ہے۔ دروازوں، محراب اور لکڑی سے بنے ستونوں پر روایتی نقش و نگار کندہ کئے گئے ہیں۔ اس تاریخی مسجد کی بحالی ہالینڈ کے ایک ادارے پرنس کلاؤس فنڈ کے تعاون سے ہوئی ہے۔ 60 لاکھ روپے لاگت آئی ہے جس میں 20 لاکھ روپے مقامی لوگوں نے دیئے جبکہ 40 لاکھ روپے تنظیم نے فراہم کئے۔