خیبر پی کے: مصالحتی کمیٹیوں میں خواتین کی نمائندگی قابل تحسین، تنازعات کے حل کیلئے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آنے لگے: بی بی سی
سوات (بی بی سی نیٹ نیوز) سوات کے علاقے بحرین سے تعلق رکھنے والی خاتون تاج محل عرف پاس بی بی صوبائی حکومت کی طرف سے بننے والی مصالحتی کمیٹی کی ممبر ہیں۔ وہ مصالحتی کمیٹی کے ذریعے ہونے والے جرگوں میں شریک ہو کر مختلف مقدمات کی سماعت کرتی ہیں اور مصالحت کے ذریعے تنازعات کو حل کرتی ہیں۔ وہ یہ سب مفت کرتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ علاقے کے لوگ ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی اس کوشش کو سراہتے ہیں۔ علاقے کی خواتین اس بات پر انتہائی خوش ہیں کہ اب مصالحتی جرگوں میں خواتین کو بھی نمائندگی حاصل ہے۔ خیبر پی کے میں عسکریت پسندوں کے خلاف جاری جنگ میں مقدمات کے حوالے سے پولیس اور عدالتوں پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے اور حکومت پر عوامی اعتماد بحال رکھنے کی خاطر مصالحتی کمیٹیوں کا نظام عمل میں لایا گیا ہے۔ اور اب اس نظام کے صوبہ خیبر پی کے کے مختلف اضلاع پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات اور صوابی سمیت دیگر اضلاع سے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔